پاک فوج کی کمان جنرل قمر جاوید باجوہ کے سپرد

بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے :جنرل راحیل شریف کا تقریب سے خطاب

راولپنڈی جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے آرمی چیف کا عہدہ سنبھال لیا ، سبکدوش ہونے والے سپہ سالار راحیل شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو روایتی کمانڈ کین پیش کی ۔ تبدیلی کمان کی تقریب جی ایچ کیو ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں ہوئی ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈ کین لینے کے بعد سبکدوش ہونے والے جنرل راحیل کو سلامی دی اور ہاتھ ملایا ۔ اعزازی گارڈ لہو کو گرما دینے والی دھن کے ساتھ سلامی دیتا ہوا چبوترے کے سامنے سے گزرا ۔ تقریب کے بعد سابق جنرل راحیل شریف فوجی افسران اور وفاقی وزرا کے درمیان گھل مل گئے ۔ اس سے قبل تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ۔ جنرل راحیل شریف اور جنرل قمر جاوید باجوہ جب سٹیڈیم میں پہنچے تو ان کا بھرپور انداز میں استقبال کیا گیا ۔ نئے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ ٹین کور کی کمانڈ بھی کر چکے ہیں ۔ تقریب میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، خواجہ آصف ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب ، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ، اشفاق پرویز کیانی ، عبدالقادر بلوچ ، ایئر چیف مارشل سہیل امان سمیت ارکان کابینہ و زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پریڈ کا معائنہ کیا ۔ سبکدوش آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا ہرفیصلہ کرتے ہوئے قومی مفاد کو اولین ترجیح دی ، دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑ کر تاریخ کا دھارا موڑ دیا ، تحمل کی پالیسی کو کمزوری سمجھنا خود بھارت کے لیے خطرناک ہوگا ، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پائیدار امن نہیں آسکتا ، سی پیک کے دشمنوں کو بھی وارننگ دی ۔ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کا الوداعی خطاب مختصر اور جامع ، نرم بھی گرم بھی ۔ انہوں نے خطاب میں دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور دشمن کو سخت پیغام دیا ۔ سابق آرمی چیف نے نوید سنائی کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی ، تاریخ کا دھارا موڑ دیا ۔ قوم اور اداروں کو خطے میں درپیش چیلنجز سے متعلق خبردار کیا اور لائحہ عمل بھی دیا ۔ بھارت کو وارننگ دی اور عالمی برادری پر مسئلہ کشمیر کی اہمیت واضح کی ۔ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے دشمنوں کو نئی راہ بھی دکھائی ۔ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے بتایا کہ ہر فیصلے میں قومی مفاد کو اولین ترجیح دی ۔ پختہ یقین ہے پاک فوج قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی ۔ قربانیوں کو سراہا ، شہدا کو سلام پیش کیا ۔ الوداعی خطاب سے پہلے سابق سپہ سالار نے اعزازی گارڈز کے دستوں کا معائنہ کیا ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے چوتھے سربراہ ہیں ۔