پاک فوج نے افغان فورسز کی کارروائی کو غیر مؤثربنادیا، چوہدری نثار

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور ایف سی کے فوری اور مؤثر جواب نے کسی اور کے اشارے پر افغان فورسز کی جانب سے کی گئی کارروائی کو بھاری نقصان سے غیر مؤثر بنا دیا۔
وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے چمن بارڈر پر پاک فوج اور ایف سی کے 2 جوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان نے وزیرداخلہ کو چمن واقعے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ مردم شماری میں مصروف ہماری سیکیورٹی فورسز پر بلا جواز گولہ باری سے شروع ہوا۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سیکیورٹی ایجنسیز سے اپنا ملک سنبھلتا نہیں مگر پاکستان کے معصوم شہریوں پر گولہ باری کرکے ایک انتہائی غلط روایت قائم کی جب کہ پاک فوج اور ایف سی کے فوری اور مؤثر جواب نے کسی اور کے اشارے پر افغان فورسز کی جانب سے کی گئی کارروائی کو بھاری نقصان سے غیر مؤثر بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی کے مثبت اور دلیرانہ ردعمل سے آئندہ سرحد کے اس پار سے ایسی روش کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
واضح رہے کہ پاک افغان چمن بارڈر پر افغان فورسز نے فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 8 پاکستانی شہری شہید جب کہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔