پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے 6 ارکان پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔
سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے، 6 اداروں کے افسران پر مشتمل جے آئی ٹی میں اسٹیٹ بینک سے گریڈ 20 کے افسر عامر عزیز، ایس ای سی پی سے بلال رسول، نیب سے عرفان نعیم منگی، آئی ایس آئی کے برگیڈیئر نعمان سعید جب کہ ایم آئی سے برگیڈیئر کامران خورشید شامل ہیں۔ جے آئی ٹی کے سربراہ ایف آئی اے کے افسر واجد ضیا ہوں گے۔
جےآئی ٹی میں شامل افسران کورہائشی وسفری سہولیات مہیاکی جائے گی ،جے آئی ٹی کا سیکریٹریٹ جوڈیشل اکیڈمی میں ہوگا، جوڈیشل اکیڈمی میں ہی جے آئی ٹی کو دفتری سہولیات مہیا کی جائیں گی، جے آئی ٹی مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کرسکے گی تاہم سپریم جوڈیشل اکیڈمی میں دفتر اور ملازمین کی منظوری چیف جسٹس پاکستان سے لی جائے گی۔
سپریم کورٹ کی رو سے جے آئی ٹی 60 روز میں تحقیقات مکمل کرے گی اور 15 روز میں تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے خصوصی بینچ کو آگاہ کرے گی۔ کیس کی مزید سماعت 22 مئی کو ہوگی۔