پاناما کیس؛ چیف جسٹس کی زیرصدارت جے آئی ٹی کی تشکیل کیلیے اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کی تشکیل سے متعلق عدالتی بینچ بنانے کے لیے چیف جسٹس کی زیرصدارت اہم اجلاس آج ہوگا۔
ذرائع كے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار كی سربراہی میں اجلاس آج ہوگا جس میں پاناما لیكس كیس كا فیصلہ دینے والے جج صاحبان شركت كریں گے۔ ذرائع كا كہنا ہے كہ پہلے عدالتی بینچ تشكیل دیا جائے گا جو تمام متعلقہ 6 اداروں كی طرف سے بھجوائے گئے ناموں كا جائزہ لے كرجے آئی ٹی تشكیل دے گا جب کہ جے آئی ٹی كی تشكیل بھی آج یا كل ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع كے مطابق اكثریتی فیصلہ تحریر كرنے والے فاضل جج جسٹس اعجاز افضل خان كے بیرون ملك ہونے كی وجہ سے جے آئی ٹی كی تشكیل میں تاخیر ہوئی ہے تاہم اب فاضل جج وطن واپس پہنچ چكے ہیں اس لیے آج اہم اجلاس بلایا گیا ہے۔
ذرائع كے مطابق جے آئی ٹی کے لیے آئی ایس آئی اور ایم آئی نے بریگیڈیئر سطح كے 6 افسران كے نام سپریم كورٹ كو بھجوائے ہیں جب كہ ایف آئی اے نے 3 ایڈیشنل ڈائریكٹر جنرل واجد ضیاء، كیپٹن ریٹائر احمد لطیف اور ڈاكٹر شفیق الرحمان كے نام جے آئی ٹی كے لیے تجویز كیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ سیكیورٹی اینڈ ایكسچینج كمیشن، اسٹیٹ بینك اور نیب نے بھی عدالت كے فیصلے كے مطابق نام ارسال كردیئے تھے۔