وزیراعظم محمد نواز شریف کا جیکب آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب

جیکب آباد ۔ 14 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے جیکب آباد کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے 100 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈ، جدید وومن ووکیشنل ٹریننگ سینٹر، نواحی دیہات کےلئے بجلی و گیس کی فراہمی، پاسکو سینٹر کے قیام اور قومی صحت کارڈ کے اجراءسمیت متعدد منصوبہ جات پر مشتمل جامع پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت بدل رہا ہے، حالات بدلیں گے، اب صرف نعروں پر ووٹ نہیں ملے گا، کچھ کرنے سے ووٹ ملے گا، جو ترقی اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان میں ہو رہی ہے وہ سندھ اور کے پی کے میں بھی ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی، سابق سپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو، سینیٹر راحیلہ مگسی، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ بابو سرفراز، مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماءاسلم ابڑو اور سجاد علی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میری نظر میں پاکستان میں سب سے زیادہ مستحق لوگ جیکب آباد کے لوگ ہیں، اگر پاکستان میں کسی ترقی یافتہ ضلع یا شہر کو 100 کروڑ روپے دیئے جانے چاہئیں تو جیکب آباد کو 200 کروڑ روپے دیئے جانے چاہئیں۔ اگر اسلام آباد کو 200 کروڑ روپے دیا جانا چاہئے تو جیکب آباد کو 400 کروڑ دیا جانا چاہئے، یہ ان کا حق ہے۔ جیکب آباد کے رہنے والے بھی اتنے ہی باعزت، اتنے ہی خوشحال ہونے چاہئیں جتنا اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ کا رہنے والا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں کی عوامی اجتماع میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بالخصوص خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت قابل تحسین ہے۔