مسلسل 25 سال محنت کرکے ویرانے کو جنگل بنانے والے میاں بیوی

کرناٹک: بھارت کے رہائشی جوڑے نے 25 سال کی انتھک محنت سے 55 ایکڑ زرعی اراضی کو 300 ایکڑ وسیع جنگل میں تبدیل کردیا جہاں اب خوبصورت اور نایاب چرند پرند موجود ہیں۔
اس بھارتی جوڑے کو جنگلی حیات اور فطرت سے محبت ہے اور اسی وجہ سے یہ کرناٹک میں ختم ہوتے جنگلات دیکھ کر 1991 میں امریکا سے بھارت منتقل ہوئے، یہاں آکرانہوں نے ایک بنجر زمین خریدی جس کا رقبہ 55 ایکڑ تھا اور یہاں کافی کے بیج کاشت کرنے کی کوشش کی گئی تھی جو ناکام ہوگئی تھی کیونکہ یہاں بارش بہت تیز ہوتی تھی اور اس جگہ کوئی بھی فصل کھڑی نہیں ہوسکتی تھی۔ لیکن دونوں نے اس جگہ پر جنگل بسانے کا فیصلہ کیا اور مقامی پودے لگانا شروع کردیئے جس سے کچھ ہی عرصے میں پودے پھلنے پھولنے لگے اور درخت تیزی سے بڑھنے لگے۔