متاز صحافی اور کالم نگار سید انور قدوائی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ،وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت سیاسی،صحافتی اور سماجی تنظیموں کا اظہار افسوس

لاہور-ممتاز صحافی،سینئر کالم نگار ،دانشور اور نجی اخبار روزنامہ’’جنگ‘‘ کے ایڈیٹوریل ایڈیٹر سید انور قدوائی اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ،سیاستدانوں کے حوالے سے ان کے پاس معلومات کا بیش قیمت ذخیرہ تھا،انور قدوائی کے انتقال سے ملک ایک مرنجاں مرنج اور باغ و بہار شخصیت سے محروم ہوگیا, نماز جنازہ آج(ہفتہ)بعد نماز ظہر علامہ اقبال ٹاون میں ادا کی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے معروف کالم نگار ،سینئر صحافی ،دانشور اور مقامی اخبار ’’جنگ ‘‘ کے ایڈیٹوریل ایڈیٹر سیدانور قدوائی اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ۔مرحوم انور قدوائی نے اپنی زندگی کے آخری دن بھی شام تک صحافتی ذمہ داریاں نبھائیں ،دن بھر صحافتی خدمات سرانجام دینے کے بعد شام کے وقت انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا ۔انور قدوائی کے اچانک انتقال سے صحافتی برادری سوگ میں ڈوب گئی ،مرحوم انتہائی ملنسار اور شفیق انسان تھے۔مرحوم انور قدوائی کا نماز جنازہ کل لاہور میں بعد نماز ظہر ان کی رہائش گاہ جہانزیب بلاک علامہ اقبال ٹاؤن کے قریب ایل ڈی اے نرسری گراؤنڈ لاہور میں ادا کی جائے گی۔

سید انور قدوائی کے انتقال پر ملک کی صحافتی تنظیموں ،دانشوروں ،صحافیوں ،اور مختلف سیاستدانوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔دوسری طرف وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی سیدانور قدوائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے اور کہا ہے کہ انور قدوائی مرحوم ایک بلند پایہ صحافی اور مایہ ناز کالم نگار تھے ، مرحوم کی صحافتی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔وزیر اعلی نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔