فوٹوگرافر جس نے اپنی موت کا لمحہ خود عکس بند کیا

یہ تصویر کلیٹن نے اپنی موت سے لمحہ قبل لی

امریکی فوج نے اپنی اس خاتون فوٹو گرافر کی وہ آخری تصاویر جاری کر دی ہیں جو انھوں نے اس دھماکے سے عین پہلے لی تھیں جس میں ان کے ساتھ ساتھ چار افغان فوجی بھی ہلاک ہوئے تھے۔

22 سالہ ہلڈا کلیٹن اور چار افغان فوجی دو جولائی سنہ 2013 کو ایک تربیت کے دوران مارٹر گولہ پھٹنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ حادثہ افغانستان کے مشرقی صوبے لغمان میں پیش آیا تھا۔

امریکی فوج نے ایک افغان کی بنائی ہوئی تصویر بھی جاری کی ہے جسے کلیٹن فوٹو جرنلزم کی تربیت دے رہی تھیں۔ یہ شخص بھی مرنے والوں میں شامل تھا۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ کلیٹن نے نہ صرف افغان فورسز کو مضبوط بنانے کی سرگرمیوں میں مدد کی بلکہ انھوں نے اس میں موجود خطروں کا سامنا بھی کیا۔‘

کلیٹن وژول انفارمیشن سپیشلسٹ تھی۔ ان کا تعلق امریکی ریاست جارجیا سے تھا۔ امریکی محکمۂ دفاع نے ان کے نام سے ایک اعزازی ایوارڈ بھی رکھا ہے۔

فوجی فوٹو گرافرز کو پانچ روزہ جسمانی اور تکنیکی ٹیسٹ پاس کرنا ہوتا ہے جس کے بعد انھیں سپیشلسٹ ہلڈا کلیٹن بہترین جنگی کیمرہ نامی یہ ایوارڈ دیا جاتا ہے

Courtesy:Urdu BBC