دُلہا کا کھانے میں گوشت نہ ہونے پرشادی سے انکار

بھارتی ریاست اترپردیش میں بارات کے کھانے کے مینیو میں گوشت نہ ہونے پر دُلہا نے شادی سے ہی انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے گاؤں کلہیدی میں دُلہا والے اس وقت بپھر گئے جب کھانے کے وقت ان کے دسترخوان پر گوشت کی کوئی ڈش موجود نہیں تھی جس کے بعد انہوں نے شادی ہی کھٹائی میں ڈال دی۔
رپورٹ کے مطابق گوشت کی ڈش موجود نہ ہونے پر شادی سے انکار کے بعد دُلہن والوں نے دُلہا والوں کو اترپردیش میں ریاستی حکومت کی جانب سے مذبحہ خانوں پر پابندی، گوشت کی قلت اور اس کی مہنگی قیمت کے بارے میں بتایا اور صورتحال کو بارہا دُلہا والوں کے سامنے رکھتے ہوئے معاملہ سنبھالنے کی کوشش کی لیکن دُلہا کی فیملی کی ضد اپنی جگہ قائم رہی اور دُلہا نے شادی سے انکار کردیا۔
تقریب میں اس افسوسناک صورتحال کے بعد دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسی شادی میں موجود مہمان نوجوان نے لڑکی کو شادی کی پیشکش کی اور لڑکی نے فوری طورپر حامی بھرتے ہوئے اس سے شادی کرلی۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیاناتھ نے ریاست میں غیر قانونی مذبحہ خانوں پر پابندی کا حکم دے رکھا ہے جس کے بعد گوشت کی قلت بڑھ گئی جب کہ اس کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔