بلوچستان میں ترقیاتی کوششوں میں تعاون کرتے رہیں گے، سپہ سالار پاک فوج

آواران: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے آواران کا دورہ کیا جہاں انہیں جنوبی بلوچستان میں فوج اورایف سی کےکمیونٹی معاونت اقدامات پربریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر بریفنگ دی گئی جس میں آرمی چیف کو بتایا گیا کہ آواران میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور ایف سی بلوچستان کی جانب سےایک نیا اسکول بھی قائم کیا گیا جب کہ آواران کے 2 سو طلبا کو مفت تعلیم دی جارہی ہے۔
آرمی چیف نےامن و امان کی بہترصورتحال پر بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی کوششوں میں تعاون کرتے رہیں گے۔ آرمی چیف نے مقامی عمائدین سے بھی ملاقات کی اور عمائدین نے سیکیورٹی اورترقی کے لیے پاک فوج کی کوششوں کوسراہا جب کہ آرمی چیف نے سیکیورٹی فورسزکی حمایت کرنے پرمقامی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔