افغان فورسز کی چمن میں پاکستانی چیک پوسٹوں پر فائرنگ اور گولہ باری، 14 افراد زخمی

چمن: پاک افغان سرحدی علاقے پر افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں 6 بچوں اور 3 خواتین سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق افغان فورسز نے چمن کے سرحدی علاقے میں پاکستانی چیک پوسٹوں پر فائرنگ کی اور گولے برسائے، افغان فورسز کی جانب سے داغے گئے گولے گلدار باغیچہ اور اڈہ کہول میں دو مکانات پر گرنے سے 6 بچوں اور 3 خواتین سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کی کارروائی میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال چمن منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ شدید زخمیوں کو علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ چمن انتظامیہ نے اسپتال میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔