آج کے بچے ہم سے 100 گنا زیادہ ملک کی خدمت کریں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ بچے ملک کا مستقبل اور معمار ہیں جب کہ آج کے بچے ہم سے 100 گنا زیادہ ملک کی خدمت کریں گے۔
اسلام آباد میں اسکولوں کو نئی بسیں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ بچے من کے سچے اور معصوم ہوتے ہیں، تمام بچے نوازشریف کی جان ہیں اور مجھے ان بچوں پر فخر ہے، بچے ملک کا مستقبل اور معمار ہیں اور پاکستان کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے لیے جو کررہے ہیں بچے اس سے 100 گنا زیادہ کریں گے اور مجھے یقین ہے ہم اور آپ پاکستان کو اورخوبصورت بنائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بسوں کی طرح بچوں کو اسکول کی کرسیوں پر بیٹھنے کا بھی مزا آنا چاہیے اور پڑھنے کے بعد وہ جس عہدے پر بھی جائیں اس پر بھی مزا آنا چاہیے جب کہ بچوں کی پڑھائی لکھائی کا معیار بہت بہتر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو تعلیم کے حوالے سے ماڈل شہر ہونا چاہئے، مریم نواز کو کہا کہ اسلام آباد میں 422 اسکول ہیں اور ان تمام اسکولوں کی عمارتیں بہترین ہونی چاہییں جب کہ اسلام آباد کے اردگرد کےعلاقے بھی ٹھیک ہونے چاہئیں اور بہارہ کہو سے اسکول آنے والے بچوں کے لیے بائی پاس بننا چاہئے۔